واشنگٹن 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے آج کہا ہے کہ سینئر ہندوستانی سفارتکار دیویانی کھوبر گاڑے ‘ جو آج رات امریکہ سے ہندوستان واپس ہوچکی ہیں ‘ اب سفارتی استثنی نہیں رکھتیں اور وہ اس سے محروم ہوچکی ہیں ۔ خود دیویانی اور حکومت ہند سے امریکہ نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ بھی جاری کیا جاسکتا ہے ۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان جین پساکی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دیویانی آج رات امریکہ سے ہندوستان واپس پہونچ گئی ہیں۔ ان کی امریکہ سے روانگی سے قبل خود ان سے اور حکومت ہند سے یہ واضح طور پر کہدیا گیا تھا کہ انہیں اب امریکہ واپسی کی اجازت نہیں ہوگی
اور وہ صرف عدالتی اختیارات کے تحت امریکہ لائی جساکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیویانی کا نام معمول کے مطابق مستقبل میں کسی ویزا کی اجرائی سے روکنے کیلئے ویزا اور امیگریشن لک آوٹ زمرہ میں شامل کردیا جائیگا اور ان کی واپسی کے بعد ہوسکتا ہے کہ ان کی گرفتاری کیلئے کوئی وارنٹ بھی جاری کردیا جائے ۔ کھوبر گاڑے کی امریکہ سے واپسی اور ہندوستان آمد کے باوجود ان کے خلاف جو الزامات عائد ہیں وہ بدل نہیں جاتے ۔ جمعرات کو ایک نیویارک کی عدالت میں ویزا دھوکہ دہی اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے دو معاملات میں انہیں ماخوذ کیا گیا تھا ۔ پساکی نے کہا کہ دیویانی کے خلاف الزامات برقرا رہیں گے اور کچھ ایسا طریقہ کار پہلے سے موجود ہے جو اس طرح کے معاملات میں اختیار کیا جاتا ہے ۔ ہم اسی طریقہ عمل کو اختیار کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ دیویانی آج رات ہندوستان پہونچ گئی ہیں۔