پنجاب میں کچرا جلانا بنیادی وجہ ، کجریوال کاالزام ، امریندر سنگھ کی تردید
نئی دہلی ۔ 5 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) حکام نے کہاہے کہ دہلی میں ایک ہفتہ کے دوران آج دوسری مرتبہ ہوا کے معیار میں سنگین ابتری پیدا ہوئی ہے جو ہوا کے رُخ میں تبدیلی اور پڑوسی ریاستوں کی کھیتوں میں کچرا جلائے جانے کا نتیجہ ہے ۔ قومی دارالحکومت میں پیرا کو ہوا کا مجموعی معیار کا عشاریہ سنگین ابتری کے زمرہ میں 418 ریکارڈ کیا گیاجو گزشتہ روز قدرے بہتر 371 تھا ۔ دیوالی سے دو دن قبل ہی قومی دارالحکومت کے مطلع پر دھویں کی ایک گھنی پرت نمودار ہوگئی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مقامی اسباب اور وجوہات کی بناء پر ہوائی معیار مزید ابتر ہوسکتا ہے ۔ دلی والوں نے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران گزشتہ روز اتوار کو پہلی مرتبہ انتہائی صاف ستھری ہوا میں سانس لی تھی ۔ مرکزی انسداد آلودگی بورڈ نے اطلاع دیتے ہوئے مزید کہاکہ رواں موسم کے دوران 30 اکتوبر کو پہلی مرتبہ ہوائی معیار انتہائی ابتر ہوگیا تھا۔ حکومت دہلی کی طرف سے آلودگی پر کنٹرول کیلئے سخت ترین اقدامات کئے جانے کے باوجود ہوائی معیار میں سنگین ابتری پیدا ہوئی ہے۔ دہلی اور قومی دارالحکومت کے علاقوں میں عام شہری تعمیرات معطل کردی گئی ہیں۔ مرکزی وزیر ماحولیات ہرش وردھن نے کہا ہے کہ آلودگی پر قابو پانے کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائیگی ۔ دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے پنجاب کی کھیتوں میں کچرا جلائے جانے کو دہلی میں فضائی آلودگی کی موجودہ بدترین صورتحال کیلئے مورد الزام ٹھہرایا لیکن پنجاب کے چیف منسٹر امریندر سنگھ نے اس دعویٰ کو احمقانہ بکواس قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ لیکن خلائی ادارہ ’’ ناسا‘‘ نے پنجاب اور ہریانہ کے کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر (کھیتوں میں ) آگ کی نشاندہی کی ہے ۔