دینی درسگاہوں کے ذریعہ ملک میں اخلاق و کردار کا فروغ

انجمن قادریہ کی دینی تعلیمی ریالی، قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں علماء کا خطاب
حیدرآباد 8 فروری (سیاست نیوز) انجمن قادریہ کے زیراہتمام مکہ مسجد تا قلی قطب شاہ اسٹیڈیم دینی تعلیمی ریالی نکالی گئی۔ انجمن کی اس ریالی میں مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مولانا مفتی عظیم الدین نے تاریخی مکہ مسجد سے جھنڈی دکھاکر ریالی کو روانہ کیا جو چارمینار، گلزار حوض، پتھرگٹی، مدینہ بلڈنگ، ہائیکورٹ سے گزرتے ہوئے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم پہونچ کر ایک جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی۔ مولانا غلام صمدانی علی قادری صدرنشین سیرت النبیؐ اکیڈیمی نے اس موقع پر خطبہ استقبالیہ کے دوران کہاکہ ملک میں دینی درسگاہوں کو نشانہ بنانے والوں کو چاہئے کہ وہ یہ جان لیں اگر اس سرزمین پر دینی تعلیمی ادارے و خانقاہیں نہ ہوتیں تو اس ملک میں اخلاق و کردار بھی نہ ہوتے۔ انھوں نے دینی مدارس کو اسلام کے قلعے قرار دیتے ہوئے کہاکہ دینی درسگاہوں کے ذریعہ ملک میں اخلاق و کردار فروغ پارہے ہیں۔ مولانا سید صدیق حسینی عارف پاشاہ قادری سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ محبوب اللہؒ قاضی پورہ، مولانا سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ صدر انجمن قادریہ، مولانا سید ڈاکٹر محمود صفی اللہ حسینی وقار پاشاہ قادری، مولانا سید فضل اللہ قادری الموسوی، مولانا سید عبداللہ صفی حسینی، مولانا کاظم حسینی حیدر پاشاہ، مولانا سید عبدالقادر قطب پاشاہ قادری، مولانا سید حیدر علی حسینی، مولانا خواجہ علی سعید مدنی، مولانا احمد علی حسینی محمود پاشاہ، مولانا عبدالرؤف قادری معشوقی کے علاوہ دیگر کئی معززین موجود تھے۔ مولانا سید غلام صمدانی علی قادری نے کہاکہ دینی درسگاہیں ملک و بیرون ملک میں انسانیت کے درس کو عام کررہی ہیں۔ ہندوستانی دینی تعلیمی اداروں کے فارغین بیرون ملک میں بھی دین اسلام اور عقائد کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ مولانا سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ صدر انجمن قادریہ نے اس موقع پر تعلیمی ریالی کے انعقاد کے مقاصد سے واقف کرواتے ہوئے کہاکہ دینی تعلیمی ریالی کے انعقاد کے ذریعہ انجمن قادریہ عصری علوم حاصل کررہے طلباء و طالبات کو دین سے رغبت پیدا کرنے میں مصروف ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس ریالی کے انعقاد سے قبل اسکولی طلبہ میں مختلف عنوانات کے تحت تحریری و تقریری مقابلہ جات کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے اور کامیاب ہونے والے طلباء میں ریالی کے موقع پر انعامات کی تقسیم عمل میں آتی ہے۔ مولانا سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ نے بتایا کہ دینی تعلیمی ریالی کے انعقاد کے بنیادی مقاصد میں یہ بات شامل ہے کہ بچوں میں دینی علوم سے محبت پیدا کی جائے اور انھیں عصری علوم کے ساتھ دینی علوم سے ہم آہنگ کیا جائے۔ اس موقع پر ٹی آر ایس سکریٹری اعظم علی خرم کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ تلگو، ہندی، انگریزی و اُردو زبان میں منعقد ہوئے تحریری و تقریری مقابلوں میں کامیاب طلبہ میں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔