دیانتدار افسروں کو سی بی آئی یا سی اے جی سے ڈرنا نہیں چاہیئے : سی وی سی

نئی دہلی ۔27ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دیانتدار افسروں کو سی بی آئی یا سی اے جی سے خوف نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ حقیقی غلطیوں کا نادانستہ اور دانستہ غلطیوں سے فرق و امتیاز آسانی سے کیا جاسکتا ہے ۔ کرپشن کے مقدمات کا فیصلہ اسی کے پیش نظر کیا جاتا ہے ۔ سی وی سی کے ویجلنس کمشنر ٹی ایم بھسین نے کہا کہ کمیشن نے ایک طریقہ کار کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعہ بدنام کرنے والی شکایات کا یا مبینہ کرپشن کا پتہ چلایا جاسکتا ہے ۔ ایسی درخواستیں عام طور پر ایسے عہدیداروں کے خلاف زیادہ کی جاتی ہیں جب کہ وہ مرد عہدیدار یا خاتون عہدیدار اعلیٰ سطحی تقرر رکھتا ہو ۔ شکایت کنندے سب سے پہلے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں ۔ بھسین نے کہا کہ انسداد کرپشن ‘ نگرانکار محکمہ ایسے اقدامات بھی کررہا ہے جن سے زیرالتواء کرپشن کے معاملات تیز رفتاری کے ساتھ نمٹائے جاسکے ۔ وہ ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دے رہے تھے ۔