دہلی یونیورسٹی کے چار سالہ پروگرام کیخلاف طلباء کا احتجاج

نئی دہلی 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی اسٹوڈنٹ تنظیم این ایس یو آئی نے آج وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کی رہائش گاہ کے روبرو دہلی یونیورسٹی کے متنازعہ چار سالہ انڈر گریجویٹ پروگرام (FVUP) سے فوری طور پر دستبردار ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج منظم کیا۔ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (NSUI) جنرل سکریٹری موہت شرما کی قیادت میں احتجاجی سمرتی ایرانی کی لودھی اسٹیٹ میں واقع سرکاری رہائش گاہ پر صبح 9.30 بجے پہونچے اور

بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے جس کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ طلباء اور ٹیچرس کی متعدد تنظیموں کی جانب سے مسلسل احتجاج کے باوجود حکومت کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بی جے پی اور دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی ساز باز ہے۔ ایف ایس یو آئی کے قومی ترجمان امریش رنجن پانڈے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم یہاں دہلی یونیورسٹی کے FYUP پروگرام کی مخالفت کرنے آئے ہیں اور اُس وقت تک خاموش نہیںبیٹھیں گے جب تک یہ پروگرام مسدود نہیں کردیا جاتا۔ اُنھوں نے ادعا کیاکہ وزیر فروغ انسانی وسائل بھی اس متنازعہ پروگرام کو مسدود کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔

عسکریت پسندوں کا پولیس اسٹیشن پر حملہ ناکام
سرینگر 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) نامعلوم عسکریت پسندوں نے ایک پولیس اسٹیشن کو نشانہ بناتے ہوئے رائفل گرینیڈ داغا لیکن اتفاق سے کوئی نقصان پہنچانے میں ناکام رہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ شب پیش آیا جب نامعلوم عسکریت پسندوں نے بٹمالو میں واقع جموں و کشمیر مسلح پولیس کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔ رائفل گرینیڈ عمارت کی چھت پر جاکر پھٹ پڑالیکن عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔