حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خاں نے دہلی یونیورسٹی کے طالب علم نجیب کی گمشدگی پر راجیہ سبھا میں آواز اٹھاتے ہوئے نجیب کی ماں کے ساتھ انصاف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے سوال کو ٹالتے ہوئے تحقیقات جاری رہنے کا دعویٰ کیا ۔ آج راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ایم اے خاں نے دہلی یونیورسٹی کے طالب علم نجیب کی گمشدگی اور پولیس کے رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گمشدگی کے 6 ماہ مکمل ہونے کے باوجود پولیس اس طالب علم کا پتہ لگانے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ نجیب کی والدہ اپنے لخت جگر کا پتہ چلانے کے لیے در بدر بھٹک رہی ہے ۔ یہاں تک کہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرچکی ہیں ۔ ہائی کورٹ ، سپریم کورٹ کے چکر کاٹ رہی ہیں ۔ ہر وہ دہلیز پر دستک دے رہی ہے جہاں سے انصاف ملنے کی توقع ہے ۔ مگر ہر جگہ سے ایک ماں کو مایوسی مل رہی ہے ۔ نجیب کی والدہ نے اپنے فرزند کی گمشدگی کے لیے ایک طلبہ تنظیم پر شکوک کا اظہار کیا ہے اور اس تنظیم کا نام بھی مرکزی وزیر داخلہ کو پیش کیا ہے ۔ ایک ماں کی شکایت پر پولیس اور مرکزی وزیر داخلہ نے کیا کارروائی کی ہے ۔ وزیر داخلہ راجیہ سبھا کے ذریعہ سارے ملک کو سچائی بتائے کیوں کہ نجیب کی گمشدگی ایک معمہ بنی ہوئی ہے ۔ ملک کا ہر شہری جاننا چاہتا ہے کہ نجیب کہاں غائب ہوگیا ہے ۔ طلبہ تنظیموں کی جانب سے نجیب کے حق میں کئی احتجاجی دھرنے منظم کئے گئے مگر ابھی تک کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نجیب معاملے کی تحقیقات کررہی ہے ۔ پولیس کو جو بھی علم ہوگا اس کی رپورٹ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خاں تک پہونچا دی جائے گی ۔۔