نئی دہلی ۔29مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) عالمگیر سطح سے اردو شعراء کی کثیر تعداد بشمول پاکستان و چین نئی دہلی میں سالانہ ’’جشن بہار مشاعرہ‘‘ کے لئے جمع ہوں گے ۔ یہ ملک کا سب سے بڑا غیر سیاسی اردو شاعری کا سمپوزیم ہے جو گذشتہ 17سال سے مستقل طور پر یکم اپریل کو منعقد کیا جاتا ہے اس میں امکان ہے کہ جاوید اختر وسیم بریلوی دیگر ممتاز شعراء کے ساتھ ایک ہی شہ نشین پرہوں گے ۔ حاضرین کو پُرجوش کرنے والے شاعروں میں بیجنگ کے ژنگ شکژوان کے علاوہ نیویارک کے عبداللہ عبداللہ ‘ ٹورنٹو کے اشفاق حسین زیدی اور جدہ کے عمر سلیم العیدروس شامل ہوں گے ۔ مشاعرہ میں برسوں بعد پاکستانی شعراء بھی شرکت کریں گے ‘ جن میں تین شعراء کشور ناہید( اسلام آباد) ‘ امجد اسلام امجد ( لاہور ) اور عنبرین باسط ( کراچی) شامل ہوں گے ۔ مشاعرہ دہلی پبلک اسکول متھورا روڈ پرمنعقد کیا جائے گا ۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ضمیر الدین شاہ مہمان خصوصی ہوں گے اور صدارت نامور صحافی و ادیب کلدیپ نیر کی ہوگی ۔ ہندوستانی شعراء میں کولکتہ سے منور رانا ‘ مراد آباد سے منصور عثمانی اور میرٹھ کے پاپولر میرٹھی شامل ہیں ۔