نئی دہلی ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سینئیر آئی پی ایس آفیسر الوک کمار ورما نے آج دہلی پولیس کے نئے کمشنر کی حیثیت سے ایسے وقت جائزہ حاصل کرلیا جب جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے تنازعہ سے نمٹنے میں دہلی پولیس کا طریقہ کار تنقیدوں کے نشانہ پر ہے ۔ الوک کمار مسٹر بسی کے جانشین ہوں گے جو کہ گذشتہ ایک سال کے دوران عام آدمی پارٹی حکومت کے ساتھ مختلف تنازعات میں تصادم کی راہ پر تھے ۔ 1979 آئی پی ایس بیاچ اور ارونا چل پردیش ۔ گوا ۔ میزورم اور یونین ٹریٹی (AGMU) سے وابستہ مسٹر ورما ڈائرکٹر جنرل تہاڑ جیل کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور ایسے وقت دہلی پولیس کی قیادت سنبھالی ہے جب کہ جے این یو تنازعہ سے نمٹنے میں تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے اسپیشل کمشنر آف پولیس ( ایڈمنسٹریشن ) کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد 6 اگست 2014 کو ڈائرکٹر جنرل تہاڑ جیل کے عہدہ پر فائز ہوئے ، ان کے وظیفہ پر سبکدوشی کے لیے 17 ماہ باقی ہیں جب کہ مسٹر بسی کو آج پولیس ہیڈکوارٹر پر وداع کردیا گیا ۔