دہلی میں یوم جمہوریہ پریڈ کی ریہرسل پر ٹریفک جام

نئی دہلی۔/23جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) وسطی دہلی میں یوم جمہوریہ کی فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر ٹریفک بہاؤ انتہائی سست رفتار ہوگیا ہے کیونکہ متعدد مقامات پر سڑکوں کو عام گاڑیوں کے استعمال کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ راج پتھ جانے والی اہم سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور ٹریفک کنٹرول کیلئے پولیس کی زائد جمعیت طلب کی گئی ہے۔ خصوصی طور پر سکندرروڈ پر گاڑی چلانے والوں کو 500 میٹر کے راستے کو پار کرنے 15تا20 منٹ انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ ایک مسافر امرت کمار نے بتایا کہ اسے ٹریفک جام کا علم نہیں تھا۔ منڈی ہاؤس میٹرو اسٹیشن پر اسے 20منٹ انتظار کرنا پڑا۔ ریہرسل کے دوران پریڈ کا آغاز وجے چوک سے صبح 9:50بجے ہوا جو لال قلعہ جاکر اختتام پذیر ہوئی۔ اس طرح وجے چوک انڈیا گیٹ اور راج پتھ پر صبح 5بجے سے ٹریفک تحدیدات عائد کی گئی تھیں۔

بھٹکل کے وکیل کو
انڈر ورلڈ کی دھمکیاں
نئی دہلی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک وکیل جو انڈین مجاہدین کارکن یسین بھٹکل کی نمائندگی کررہے ہیں، نے ادعا کیا کہ بھٹکل کی پیروی کرنے پر انہیں انڈرورلڈ ڈان روی پجاری کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ وہ بھٹکل کی پیروی سے دستبردار ہوجائیں ۔ ایڈوکیٹ ایم ایس خان جو بھٹکل اور اس کے قریبی ساتھی اسد اللہ اختر کی مختلف دہشت گرد معاملات میں ملوث ہونے پر عدالتوں میں ان کی پیروی کررہے ہیں، نے اس سلسلہ میں دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور دہلی پولیس کمشنر کو مکتوبات تحریر کرتے ہوئے روی پجاری کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں سے واقف کروایا۔