نئی دہلی ۔ 17 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : انتخابی وعدوں پر کار بند عام آدمی پارٹی حکومت نے آج کنٹراکٹ ملازمین کی تخفیف پر اس وقت پابندی عائد کردی ہے تاوقتیکہ اس مسئلہ کا مکمل جائزہ نہیں لیا جاتا ۔ حکومت کے اس اقدام سے دہلی میں ایک لاکھ ایمپلائز کو فائدہ ہوگا ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال کی زیر قیادت اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ دہلی حکومت کے مختلف محکموں اور اداروں میں تقریبا ایک لاکھ ملازمین بشمول ڈاکٹرس ، نرسیس ، اساتذہ ، بلدی اسٹاف ، کنٹراکٹ اسکیم کے تحت کام کرتے ہیں ۔ بعد ازاں ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ کسی بھی کنٹراکٹ ملازم کی خدمات کی برخاستگی یا روک دینے پر مزید احکامات جاری ہونے تک پابندی عائد رہے گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایسے کنٹراکٹ ملازمین جن کی میعاد قریب الختم ہے وہ اپنی خدمات بھی جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت ، کنراکٹ ملازمین کے مسئلہ پر ایک پالیسی کو قطعیت دینے میں مصروف ہے ۔ حکومت کے مختلف محکمہ جات بشمول ایجوکیشن ، پی ڈبلیو ڈی ، ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر اینڈ ویمنس اینڈ چائلڈ ڈپارٹمنٹ میں گذشتہ چند سالوں کے دوران ہزارہا ملازمین کا کنٹراکٹ کی بنیاد پر تقرر کیا گیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے انتخابی منشور میں دہلی میں کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو مستقل کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔۔