دہلی میں کمسن کی عصمت ریزی ، طلباء کا احتجاج

منی پور ۔ 8 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : منی پور سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ لڑکی کی کل رات جنوبی دہلی کے منرکا علاقہ میں مبینہ عصمت ریزی کے واقعہ کے خلاف آج طلباء نے شدید احتجاج کیا ۔ اس لڑکی کے آجر زمیندار کے بیٹے نے مبینہ طور پر عصمت ریزی کی ہے ۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ملزم وکی کو گرفتار کرلیا ۔ منی پوری لڑکی کی عصمت ریزی کے خلاف شمال مشرقی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء گروپس نے وسنت وہار پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاج کیا اور گاڑیوں کی آمد و رفت روکدی ۔ ان کی پولیس کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی ۔ احتجاجی ، پولیس کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور انہوں نے پولیس اسٹیشن میں گھسنے کی کوشش بھی کی ۔ بعد ازاں دہلی ویمنس کمیشن کی صدر نشین برکھا سنگھ نے یہاں پہنچ کر احتجاجیوں سے بات کی ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کو تقریبا 10-30 بجے شب اس وقت پیش آیا جب متاثرہ لڑکی ضروری اشیاء خریدنے کے لیے باہر نکلی ، لڑکی کو زخم آئے اور اسے صفدر جنگ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ۔۔