دہلی 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ڈینگی کے کیسوں میں گزشتہ دو ہفتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اِس سیزن اِس مرض کی کم از کم 650 افراد میں تشخیص کی گئی ہے۔ آج جاری کردہ بلدی رپورٹ کے مطابق تقریباً 170 کیس صرف اکٹوبر کے پہلے ہفتے میں منظر عام پر آئے ہیں۔ نیز ملیریا کے 347 کیس اور چکن گنیا کے 89 کیسوں کی بھی 6 اکٹوبر تک رواں سیزن اطلاع مل چکی ہے۔ 2018 ء میں ڈینگی کے 650 کیسوں میں سے 169 رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں سامنے آئے، ستمبر میں 374، اگسٹ میں 58 ، جولائی میں 19 ، جون میں 8 ، مئی میں 10 ، اپریل میں 2 ، مارچ میں 1 ، فروری میں 3 اور جنوری میں 6 کیس درج کئے گئے۔ ایک سرکاری دواخانے کے سینئر ڈاکٹر نے عوام کو تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے جیسے فُل آستین کے شرٹ پہننا اور مچھروں کی اپنے گھروں کے اندرون افزائش کو روکنا۔ اُنھوں نے کہاکہ واٹر کولروں کو استعمال ختم ہوجانے کے بعد پانی نکال کر خشک کردینا چاہئے کیوں کہ ڈینگی کا انفیکشن والے مچھروں کی وہاں کافی افزائش ہوتی ہے۔ گھر میں مچھر سے بچنے کی جالیاں استعمال کرنا چاہئے۔