نئی دہلی۔یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) عاپ حکومت نے آج دہلی ہائی کورٹ کو مطلع کیا ہے کہ بہت جلد چین کے مانجہ پر پابندی عائد کردی جائے گی کیوں کہ پتنگ بازی کے دوران انسانوں کے زخمی ہونے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ چیف جسٹس جی روہن اور جسٹس سنگیتا دھنگیرے سہگل پر مشتمل بنچ کو بتایا ہے کہ چینی مانجہ پر پابندی اور پتنگ بازی کے لئے کاٹن کا دھاگا یا نیچر افائیر استعمال کرنے کے لئے اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔ چونکہ اس مانجہ کی تیاری میں دھات یا کانچ کے اجزا استعمال کئے جاتے ہیں اور پتنگ اڑاتے وقت ہاتھ زخمی ہوجاتے ہیں اور بعض اوقات راہگیر بھی زد میں آجاتے ہیں۔ لہٰذا اب یہ لازمی ہوگا کہ پتنگ بازی کے لئے کاٹن سے تیار دھاگے استعمال کئے جائیں۔ شمالی دہلی میں ایک 28 سالہ نوجوان کا چینی مانجہ سے گلا کٹ کر فوت ہوجانے پر دہلی ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کی گئی ہے جس پر عاپ حکومت نے یہ وضاحت پیش کی ہے۔