نئی دہلی ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : دہلی کے ایک خانگی ہاسپٹل میں غازی آباد کا متوطن ایک 80 سالہ شخص چکون گنیا سے فوت ہوگیا ۔ اس طرح قومی دارالحکومت میں خطرناک مرض سے فوت ہونے والوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی ہے ۔ جنوبی دہلی میں واقع اپولو ہاسپٹل میں کل غازی آباد کا دوسرا شہری اس مرض کے علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ اس مرض کی وجہ سے اعضاء رئیسہ ناکارہ ہوگئے تھے ۔ قومی دارالحکومت میں گذشتہ ایک ماہ میں تقریبا 1000 افراد چکون گنیا سے متاثر ہوئے ہیں ۔ قبل ازیں متھرا کا ایک شہری 75 سالہ پرکاش کرلا بھی کل شام سرگنگا رام ہاسپٹل میں فوت ہوگیا تھا۔
راجیو گاندھی قتل کیس کے مجرم پر حملہ
ویلورو (تاملناڈو)۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہائی سکیورٹی سنٹرل جیل میں آج راجیو گاندھی قتل کیس میں سزا یافتہ سات مجرمین میں سے ایک اے جی پیرالی والسن پر دوسری قیدی نے آہنی سلاخ سے حملہ کردیا جبکہ حملہ آور قیدی راجیش کھنہ، قتل کیس میں عمر قید کی سزا بھگت رہا ہے۔