نیویارک ، 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اروند کجریوال نے آج امریکہ میں اپنے حامیوں کو یقین دلایا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کو دوبارہ اقتدار ملنے پر وہ مستعفی ہونے کی ’’غلطی ‘‘ کااعادہ نہیں کریں گے اور ایسی باتوں کو مسترد کردیا کہ اُن کی پارٹی بکھر رہی ہے ، بلکہ کہا کہ ’’عام آدمی پارٹی بس ‘‘ کے بریکس اور کلچ اچھی طرح کام کررہے ہیں ۔ کجریوال جن کا کل یہاں شہر میں بہت مصروف شیڈول رہا ، انھوں نے پارٹی والنٹیرس اور حامیوں کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے جلسہ میں شرکت کی اور کہاکہ پارٹی نے گزشتہ سال حیران کن شروعات میں دہلی پر اقتدار حاصل کرلینے کے بعد 49 دنوں میں استعفیٰ دیتے ہوئے ’’غلط سیاسی فیصلہ ‘‘ کیا تھا ۔ 46 سالہ کجریوال نے والینٹرس کو یقین دلایاکہ وہ پھر ایسی غلطی نہیں کریں گے اور انھیں بھرپور اعتماد ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں اُن کی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان راست مقابلہ ہونے جارہاہے ۔ انھوں نے ادعا کیا کہ وہ نہایت طاقتور قوتوں کے خلاف صرف شفاف رقم کے ساتھ چناؤ لڑیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ کالا دھن جمع کرنا کوئی مشکل کام نہیں لیکن اُن کی پارٹی نے اس کے خلاف فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کرپشن سے پاک ہندوستان چاہا، یہی ہمارا مقصد رہا اور بدستور یہی ہمارا مقصد ہے۔ ہندوستان ابھی کرپشن سے پاک نہیں ہوا ہے۔ عام آدمی پارٹی کی نئی دہلی کے انتخابات میں جیت کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ انہیںابتداء میں کرپشن کیخلاف مہم کے تعلق سے اندیشے تھے۔