دہلی میں عسکریت پسندوں کے داخلے کا شبہ کلیدی تنصیبات اور اہم شخصیتوں کی حفاظت

نئی دہلی۔3جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس کو شبہ ہیکہ جیش محمد کے دو عسکریت پسند قومی دارالحکومت میںداخل ہوگئے ہیں اہم شخصیتوں پر حملہ بشمول یرغمال بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں جس کے پیش نظر شہر میں سیکیورٹی کو مزید چوکس کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان سرگرم اس تنظیم کے کارکنوں نے کل پٹھان کوٹ ( پنجاب) کے فضائی اڈہ پر حملہ کردیا تھا ۔ انٹلی جینس نے دہلی میںعسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع دی تو پولیس کمشنر بی ایس بسی نے آج ماتحت عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور شہر میں واقع اہم تنصیبات کی حفاظت کیلئے مرکزی ٹیم فوجی دستے روانہ کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ایک سینیئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ انٹلیجنس نے یہ اطلاع دی ہیکہ جیش محمد کے دو کارکن دہلی میں گھس آئے ہیں اور اہم شخصیتوں پر حملہ یا یرغمال بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ قومی دارالحکومت میں عموماً پولیس چوکس رہتیہے لیکن کل کے پٹھان کوٹ حملہ کے بعد ایئرپورٹ ‘ ریلوے اسٹیشن ‘ بس اسٹانڈس و دیگر اہم مقامات پر سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے اور اہم شخصیتوں بشمول اعلیٰ عہدیداروں کی حفاظت پر توجہ مرکوز کردی گئی ہے ۔ قبل ازیں آج صبح دہلی ۔ لکھنو شتابدی ایکسپریس کو غازی آباد میںاچانک روک دیا گیا اور مسافرین سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے تلاشی لی گئی تاکہ مشتبہ افراد کی نشاندہی کی جاسکے ۔