میلہ میں پدم شری جناب مجتبیٰ حسین شرکت کریں گے
حیدرآباد ۔ 27 اگست (راست) دہلی کی معروف تنظیم ’’جشن ادب‘‘ کے سربراہ رنجیت چوہان کی اطلاع کے مطابق جشن ادب کا پانچواں بین الاقوامی اردو میلہ 2016ء اتوار 4 ستمبر کو دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل سنٹر میں منعقد ہوگا جس کے پہلے اجلاس کا عنوان ’’اردو کی سانجھی وراثت اور انتظار حسین‘‘ ہوگا، جس میں پروفیسر شمیم حنفی، کشورناہید (پاکستان)، ڈاکٹر کیدار ناتھ سنگھ، عباس تابش (پاکستان) اور رخشندہ جلیل اظہارخیال کریں گے۔ جناب وسیم راشد تعارف پیش کریں گے۔ دوسرے اجلاس کا عنوان ’’اردو طنز و مزاح اور مجتبیٰ حسین‘‘ ہوگا، جس میں پروفیسر شمیم حنفی اور فرحت احساس، پدم شری ڈاکٹر مجتبیٰ حسین کے بارے میں اظہارخیال کریں گے۔ بعد میں مجتبیٰ حسین اپنی تخلیقات پیش کریں گے۔