دہلی میں شدید کہرا، پروازیں ملتوی

نئی دہلی۔30نومبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی راجدھانی میں آج صبح شدید کہرا چھایا رہا اس موسم سرما میں پہلی مرتبہ کہرا چھایا ہے جس سے سڑکوں پر تھوڑی دور بھی کچھ نظر نہیں آتا تھا۔شمالی ہندوستان کے کئی دیگر علاقوں سے بھی دھند کی خبریں ملی ہیں جن میں ہریانہ ، پنجاب ، چندی گڑھ اور مغربی اترپردیش شامل ہیں۔شہر سے کئی پروازوں کی آمدورفت میں خلل پڑا ہے ۔ کہرے کی وجہ سے گاڑیاں بہت آہستہ چل رہی ہیں خصوصاً دہلی۔ نوئیڈا اور دہلی گڑگاؤں ایکسپریس وے پر حد نظر بہت کم ہے ۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران آسمان صاف رہنے اور صبح دھند رہنے کی پیشن گوئی کی ہے ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی توقع ہے ۔کم از کم درجہ حرارت 9.7 ڈگری رہا۔محکمہ موسمیات کے افسر نے بتایا ہے ”کل بھی شدید کہرا رہے گا کل درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس اور 12 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔آئندہ ایک ہفتہ تک دھند رہنے کی توقع ہے ۔کل کم از کم درجہ حرارت 9.7 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.5 ڈگری رہا تھا ۔

 

کہرے اور نوٹوں کی منسوخی سے قالین شہر بھدوہی کا کاروبار متاثر
بھدوہی، 30 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کے بڑے نوٹوں کی منسوخی کے فیصلے اور شدید کہرے کی وجہ سے قالین کے شہر بھدوہی میں کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے ۔500 اور 1000 روپے کے نوٹوں کی منسوخی اور چھوٹے نوٹوں کی قلت سے بھدوہی کا کاروبار تقریباً 70 فیصد تک تھم گیا ہے ۔ بنائی ، رنگائی ، دھلائی جیسے کئی کام کرنے والے کچھ لوگ اپنے گھر کا رخ کرچکے ہیں جبکہ کچھ لوگ دوسرے کام کرنے لگے ہیں ۔قالین کا ایکسپورٹ کرنے والے امجد احمد کا کہنا ہے کہ ایک طرف کہرا بڑھنے اور دوسری طرف 500 اور ہزار روپے کے نوٹوں کی منسوخی کے فیصلے کی وجہ سے قالین کا کاروبار تقریباً 70 فیصد تک گھٹ گیا ہے ۔ روز مرہ کا کام کرنے والے کاریگر اور مزدور پیسوں کی ادائیگی نہ ہونے کے سبب یہ پیشہ چھوڑکر دوسرے کام کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔