دہلی میں شدید طوفانی بارش ، عام زندگی مفلوج، 9 ہلاک

نئی دہلی /30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں آج شدید طوفانی بارش کے باعث کم از کم 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ طوفانی ہواؤں نے دہلی کو تاریکی میں غرق کردیا۔ میٹرو سروس اور پروازیں متاثر رہیں، ٹرافک جام کے مسئلہ نے سنگین صورت حال پیدا کردیا۔ دہلی پولیس نے کہا کہ دہلی کے مختلف علاقوں میں 6 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے۔ یہ حادثات درختوں کے اکھڑنے اور دیواروں کے منہدم ہونے کے علاوہ برقی رو چھو جانے سے ہوئے ہیں۔ 90 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش نے دہلی والوں کے لئے مصیبت کھڑی کردی۔ آج شام 4-58 بجے سے طوفانی بارش کا آغاز ہوا، اس کے ساتھ ہی عام زندگی درہم برہم ہو گئی۔ ہزاروں افراد میٹرو اسٹیشنوں کے باہر اور سڑکوں پر پھنس گئے۔ سڑکوں پر تاریکی اور طوفانی بارش کے باعث دہلی کی تیز رفتار زندگی یکایک تھم گئی۔ شہر کے کئی اہم علاقوں میں بھی تاریکی دیکھی گئی۔ طوفانی ہواؤں کے ساتھ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور برقی تاروں پر گرپڑے، جس سے میٹرو ٹرین سروس تقریباً تمام لائنوں پر معطل رہی۔ شام کے پرہجوم اور مصروف ترین اوقات میں اچانک بارش نے مسائل پیدا کردیئے۔

محکمہ موسمیات نے اس طوفانی بارش کو پاکستانی علاقوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی کا باعث قرار دیا۔ این سی آر علاقوں جیسے مشرقی دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد بھی طوفان سے متاثر ہوئے۔ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر تین طیاروں کو نقصان پہنچا۔ آئندہ دو دن تک پروازوں کا رخ موڑ دیا جائے گا۔ جنوب، مشرق اور شمالی دہلی کے علاقوں میں چار گھنٹوں تک لگاتار بارش ہوئی۔ اس طوفان کے باعث سرد ہوائیں چل رہی تھیں۔ ہریانہ اور این سی آر کے علاقوں میں بھی عام زندگی متاثر رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دن تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ 15 سال کے بعد دہلی میں اس طرح کی بارش ہوئی ہے۔ جنک پوری اور اندرلوک کے بشمول بعض علاقوں میں ٹین کی چھتیں اور پائپس اڑکر انسانوں پر گرپڑے، جس سے کئی افراد زخمی ہوئے۔