نئی دہلی28اگست(سیاست ڈاٹ کام ) قومی دارالحکومت میں منگل کو شدید بارش کی وجہ سے جگہ جگہ پانی بھر گیا اور ٹریفک جام کی وجہ سے لوگوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔شہر میں بھاری بارش کی وجہ سے کئی جگہوں پر ٹریفک جام کی وجہ سے دفترکے اوقات میں شہر کی رفتار دھیمی پڑگئی۔ٹریفک پولیس کے مطابق مشغول چوراہوں اور آوٹر رنگ روڈ،موتی باغ،پنجابی باغ،آر ٹی او ٹی پوائنٹ سے ایئر پورٹ ہوتے ہوئے مہیپال پور مارکیٹ جانے والی سڑکوں کے دونوں جانب پانی بھر گیا۔اس کے علاوہ وسنت ویلی اسکول،اندھیریا موڑ سے وسنت کنج،وایوسین آباد،سنگم وہار اور کئی دوسری جگہوں پر بھی پانی بھر گیا۔شہر میں کئی جگہوں پر گرج کے ساتھ بھاری بارش ہوئی اور کم سے کم درجہ حرات 26ڈگری سیلسیس رہا جو اس موسم کے حساب سے اوسط ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق نجف گڑھ میں 148ملی میٹر،پالم میں 101ملی میٹر، آیا نگر میں54ملی میٹر، صفدرگنج میں 49.6ملی میٹر، لودھی روڈ میں22.2ملی میٹر اور رِج میں6.8ملی میٹر پارش ریکارڈ کی گئی۔گروگرام اور نوئیڈا سمیت قومی راجدھانی کے کئی علاقوں میں بھی بھاری بارش کے نتیجے میں پانی بھرنے سے ٹریفک جام ہو گیا۔مرکزی ایئر کنٹرول بورڈکے مطابق یہاں ہوا کی کوالٹی اطمینان بخش رہی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق عام طور پر بادل چھائے رہیں گے اور دن میں بارش کے آثار ہیں ۔یہاں پر منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32ڈگری سیلسیس رہنے کے آثار ہیں۔