دہلی میں تیجسوی کا مظفرپور اسکینڈل کے خلاف دھرنا

پٹنہ ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو نے آج رات اعلان کیا کہ وہ قومی دارالحکومت نئی دہلی میں جاریہ ہفتہ کے اواخر میں گھناؤنے منظم اجتماعی عصمت ریزی کے واقعہ کے خلاف جو مظفرپور میں پیش آیا ہے، احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ تیجسوی یادو ریاستی اسمبلی میں قائد اپوزیشن بھی ہیں، انہوں نے پرزور انداز میں جنترمنتر پر 4 اگست کو دھرنا میں شرکت کیلئے ہر ایک پر زور دیا ہے۔ آر جے ڈی قائد نے اپنے ٹوئیٹر پر نتیش کمار حکومت پر مظفرپور پناہ گاہ اسکینڈل کے سلسلہ میں جس میں 30 سے زیادہ لڑکیاں متاثر ہوئی ہیں، مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ اس کا علم نہیں ہیکہ دیگر کونسی پارٹیاں اور ان کے قائدین مجوزہ دھرنا میں شرکت کریںگے لیکن آر جے ڈی کے ذرائع کے بموجب تیجسوی یادو امکان ہیکہ صدر کانگریس راہول گاندھی کی تائید بھی حاصل کریں گے کیونکہ حالیہ عرصہ میں راہول گاندھی کے خلاف ان کے تعلقات خوشگوار رہے ہیں۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال بھی امکان ہیکہ دھرنا کے دوران جنترمنتر پر حاضری دیں گے۔