دہلی میں بھی کامیابی کا پرچم لہرائیں امیت شاہ کی پارٹی ورکرس سے اپیل

نئی دہلی ؍ بھوبنیشور 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی بلدی چناؤ میں ہیٹ ٹرک درج کرانے کے عزائم کے ساتھ بی جے پی سربراہ امیت شاہ نے آج عام آدمی پارٹی پر حملہ چھیڑتے ہوئے الزام عائد کیاکہ کجریوال حکومت میں کرپشن پھل پھول رہا ہے اور عوام کو چاہئے کہ اسے سبق سکھائیں۔ ایم سی ڈی انتخابات سے قبل بی جے پی ورکرس سے خطاب میں امیت شاہ نے حالیہ اسمبلی چناؤ میں پارٹی کی فتوحات کا ذکر کیا اور کہاکہ یہاں بلدی انتخابات میں جیت پارٹی کو قومی دارالحکومت میں اقتدار کی طرف پلٹانے میں مدد کرے گی۔ ڈائس کے قریب ہندوستان کے نقشے کی نشاندہی کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہاکہ سارا ملک زعفرانی رنگ میں ڈھل رہا ہے لیکن دہلی بدستور علیحدہ رنگ پیش کررہی ہے۔ اُنھوں نے پارٹی ورکرس سے اِس بلدی چناؤ میں بی جے پی کی کامیابی کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ بھوبنیشور میں آج مرکزی وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے اعلان کیاکہ بی جے پی کی قومی عاملہ میٹنگ اڈیشہ میں 15 اپریل کو ہوگی۔