چیف منسٹر اے پی و کل ہند صدر تلگودیشم چندرابابو نائیڈو قیادت کریں گے
حیدرآباد 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) قومی سطح پر جمہوریت و دستور ہند کے تحفظ پر غور و خوض کرنے کے لئے 10 ڈسمبر کو دہلی میں غیر بی جے پی جماعتوں کے قائدین کا ایک اہم اجلاس قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو کے زیراہتمام طلب کیا گیا۔ اس اجلاس میں چندرابابو نے ریاست کیرالا، پنجاب، پڈوچیری، مغربی بنگال اور کرناٹک کے چیف منسٹروں کے ساتھ ساتھ اہم قومی قائدین راہول گاندھی، فاروق عبداللہ، ملائم سنگھ یادو، اکھلیش یادو، مایاوتی، عمر عبداللہ، شردپوار اور شرد یادو کو بھی مدعو کیا ہے اور تقریباً تمام قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ تلگودیشم پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ دہلی میں منعقد شدنی اجلاس میں ملک اور اس کے دستور کے ساتھ ساتھ جمہوریت ہی موضوع بحث رہیں گے۔ علاوہ ازیں ان موضوعات پر آئندہ اختیار کی جانے والی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس میں متفقہ طور پر مختلف پروگرامس کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی تاکہ آئندہ سال منعقد ہونے والے عام انتخابات میں بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جاسکیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ ملک گیر سطح پر بی جے پی حکومت کے مخالف عوام اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی ریالیاں اور بڑے جلسوں کے انعقاد سے متعلق لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔