دہلی طرز کے ’’محلہ کلینک‘‘ کو پرانے شہر میں بھی شروع کرنے کی ضرورت

سلم علاقوں کی عوام خانگی علاج و معالجہ کیلئے مجبور، فرضی ڈاکٹرس سے مریضوں کو خطرہ
حیدرآباد۔29جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے دہلی میں چلائے جانے والے ’’محلہ کلینک‘‘ کے طرز پر شہر حیدرآباد میں جو ’’بست کلینک ‘‘ شروع کئے ہیں ان کی تعداد میں آئندہ ماہ کے اواخر تک اضافہ ہونے والا ہے اور اس اضافہ سے پرانے شہر کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔ حکومت کی جانب سے شروع کردہ بستی کلینک کی پرانے شہر کے سلم علاقوں میں بے حد ضروری ہے کیونکہ پرانے شہر کے بیشتر سلم علاقو ںمیں فرضی ڈاکٹرس خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان ڈاکٹرس سے ہی ادویات حاصل کرنے کیلئے سلم علاقوں کے عوام مجبور ہیں۔ وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ریاست بھر میں بستی کلینک کے منصوبہ کو فروغ دینے کا اعلان کیا ہے اور آئندہ ماہ کے دوران 83 بستی کلینک کے آغاز کا منصوبہ تیا رکیا گیا ہے اس منصوبہ میں شہر حیدرآباد کے علاقہ حسن نگر‘ کشن باغ ‘ پٹیل نگر‘ عنبر پیٹ ‘ فاطمہ نگر کے علاوہ کئی علاقوں کو شامل کئے جانے کی ضرورت ہے کیونکہ ان علاقو ںمیں ماہر ڈاکٹرس بھی موجود ہیں لیکن سلم بستیوں میں رہنے والے خاندان ان ڈاکٹرس کی فیس ادا کرنے سے قاصر ہونے کے سبب معمولی فیس وصول کرتے ہوئے ادویات تجویز کرنے والے فرضی ڈاکٹرس کا رخ کرتے ہیں جس کے سبب ان کی جان کو خطرہ لاحق رہتا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں نئے 83 ’’ بستی دواخانوں‘‘ کی شروعات خوش آئند ہے لیکن اس میں پرانے شہر کے علاقوں کو بھی شامل کروانے کی ضرورت ہے اور عوام میں بھی اس بات کا شعور اجاگر کرنا چاہئے کہ وہ ان بستی دواخانوں کا بے خوف و خطر رخ کرسکتے ہیں میں موجود سہولتوں سے استفادہ کرسکتے ہیں۔حکومت کی جانب سے بستی دواخانو ںمیں علاج و معالجہ کے ساتھ ساتھ معائنوں کی سہولت کی فراہمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے اور اس سے غریب شہری ڈائیگناسٹک سنٹر کی لوٹ کھسوٹ سے محفوظ ہو جائیں گے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں پہلے مرحلہ کے دوران 17بستی دواخانے شروع کئے گئے جن کی کارکردگی کے متعلق عہدیداروں اور حکومت کی جانب سے مکمل اطمینان کا اظہار کیا جا رہاہے اور ان دواخانوں کی تعداد میں مرحلہ وار اساس پر اضافہ کیا جائے گا۔عہدیداروں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 17دواخانوں کا آغاز کیا جاچکا ہے اور دوسرے مرحلہ میں 26دواخانے شروع کئے جائیں گے اور تیسرے مرحلہ میں 27دواخانوں کا آغاز ہوگا۔جی ایچ ایم سی حدود میں شروع کردہ ان تمام بستی دواخانوں میں مختلف امراض کے معائنوں کی سہولت دستیاب رہے گی علاوہ ازیں ای سی جی کی سہولت کی فراہمی پر بھی غور کیاجا رہاہے۔