نئی دہلی 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) لیفٹننٹ گورنر اور مرکز کے خلاف اپنی جنگ میں شدت پیدا کرتے ہوئے دہلی حکومت نے آج ہائیکورٹ پر زور دیا کہ وہ ہدایات جاری کرتے ہوئے لیفٹننٹ گورنر کے مقرر کردہ اے سی بی سربراہ ایم کے مینا کو ان کے دفتر میں داخل ہونے سے روک دے۔ عدالت کو اس انسداد رشوت ستانی ادارہ کی کارکردگی میں مداخلت کرنی چاہئے۔ عام آدمی پارٹی حکومت نے تازہ درخواست داخل کرتے ہوئے مرکز کے اعلامیہ کو چیلنج کیا ہے۔ مرکز نے اس اعلامیہ کے ذریعہ لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کو دارالحکومت دہلی میں بیورو کریٹس کے تقررات کا کامل اختیار دیا ہے جبکہ عام آدمی پارٹی حکومت نے ایس ایس یادو کو نامزد کیا تھا۔ انھوں نے مینا پر الزام عائد کیاکہ وہ ان پر دباؤ ڈالتے ہوئے دھمکی دے رہے ہیں۔