دہلی :برقی شرح میں 50 فیصد کٹوتی، پانی کی مفت سربراہی

نئی دہلی ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دو بڑے انتخابی وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی حکومت نے آج ماہانہ 400 یونٹ تک کی برقی کھپت پر 50 فیصد سبسیڈی اور تمام گھرانوں کیلئے ماہانہ 20 ہزار لیٹر پانی کی مفت سربراہی کا اعلان کیا جس سے سرکاری خزانہ پر سالانہ لگ بھگ 1,670 کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوگا۔ فری واٹر اسکیم اور پاور سبسیڈی پر یکم ؍ مارچ سے عمل آوری شروع ہوجائے گی۔ ان دونوں اسکیمات کے بارے میں فیصلہ چیف منسٹر اروند کجریوال کی زیرصدارت کابینی اجلاس میں کیا گیا۔ کجریوال نے کہا، ’’ہم نے برقی شرح کو نصف تک گھٹا دینے اور پانی کی مفت سربراہی سے متعلق ہمارے وعدوں کی تکمیل کردی۔ ہم دیگر وعدوں کو بھی پورا کریں گے‘‘۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ تمام صارفین جن کی ماہانہ برقی کھپت 400 یونٹس سے متجاوز نہ ہوتی ہو انہیں ٹیرف پر 50 فیصد کی رعایت حاصل ہوگی اور یہ اسکیم لگ بھگ 36 لاکھ یا 90 فیصد صارفین کو فائدہ پہنچائے گی۔ تاہم اس کے ساتھ جڑا ہوا جز یہ ہیکہ اگر کھپت 400 یونٹوں سے تجاوز کرجائے تو صفر کی اساس سے مکمل چارجس کی ادائی کرنی ہوگی۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل ششی کانت شرما سے ملاقات کی اور پرائیویٹ پاور ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کے فینانسیس کی آڈیٹر کی جانب سے تنقیح کے موقف پر تبادلہ خیال کیا، جس کا عام آدمی پارٹی حکومت نے اپنی پہلی میعاد میں حکم دیا تھا۔ سیسوڈیا نے کہا کہ سبسیڈی اسکیم پر ڈسکامس کے مالیات کے بارے میں سی اے جی کی رپورٹ پیش ہونے کے بعد نظرثانی کی جائے گی۔ پانی کی اسکیم کے بارے میں سیسوڈیا نے بتایا کہ 20 ہزار لیٹر پانی کی ایسے تمام گھرانوں کیلئے مفت سربراہی کی جائے گی جو کارکرد واٹر میٹر رکھتے ہوں

اور اس فیصلہ سے تقریباً 18 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ تاہم اگر ماہانہ کھپت 20 ہزار لیٹر سے آگے بڑھ جائے تو پانی کی مکمل سربراہی کے چارجس ادا کرنے ہوں گے۔ برقی شرحوں پر 50 فیصد رعایت اور مفت پانی یہ دونوں اسکیمات عام آدمی پارٹی کی گذشتہ حکومت کے دوران شروع کی گئی تھی لیکن گذشتہ سال 14 فبروری کو حکومت کے استعفیٰ کے بعد ان اسکیمات پر عمل آوری ترک کردی گئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ مفت پانی گروپ ہاؤزنگ سوسائٹیوں کو بھی سربراہ کیا جارہا ہے اور اس اسکیم کے تحت تمام صارفین کو سیوریج چارجس کے بشمول کوئی دیگر ادائیگی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے سیسوڈیا نے کہا کہ مرکز کی برسراقتدار پارٹی نے دہلی کے عوام کو درپیش مسائل کی صدر راج کے دوران یکسوئی میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ آج عام آدمی کیلئے اہم دن ہے۔ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے مسرت ہیکہ وعدہ کے مطابق ہم برقی کی شرحوں کو نصف تک گھٹا رہے ہیں اور پانی مفت سربراہ کریں گے۔