دہلی ایر پورٹ پر تابکاری کے اخراج سے سراسیمگی

نئی دہلی۔/29مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) اندرا گاندھی بین الاقوامی طیرانگاہ پر آج ترکش ایر لائن کے طیارے میں ایک کنسائمنٹ سے اچانک تابکاری شعاعیں خارج ہونے لگیں جس کے ساتھ ہی کارگو آپریشن کو فی الفور روک دیا گیا۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے بتایاکہ تابکاری کے اخراج پر قابو پالیا گیا اور محکمہ ایٹمی توانائی کی ٹیم جائے وقوع پہنچ گئی ہے۔جبکہ پورے علاقہ کو گھیر لیا گیا ہے اور وہاں سے اسٹاف کا تخلیہ کروادیا گیا ہے۔ ایٹمی انرجی کے ماہرین کی جانب سے سیفٹی کلیرنس دینے کے بعد ہی کارگو آپریشن ( طیارہ سے سازو سامان کی منتقلی ) شروع کیا جائے گا۔ چیف کمشنر دہلی کسٹمز بی کے بنسل نے یہ اطلاع دی ہے اور بتایا کہ کارگو آپریشن کی انجام دہی ایک خانگی ایجنسی(Celebi)کے ذمہ ہے اور تابکاری کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کئے گئے۔ تابکاری کے اخراج کے معاملہ کا اس وقت پتہ چلا جب لوڈر کے ذریعہ ایک کنٹینر کو ترکش ایر لائنز کے طیارہ میںسے نیچے اُتار ا جارہا تھا کہ پھسل کر گرگیا۔ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ یہ کم شدت کا تابکاری مائع ہے جسے دہلی کے ایک ہاسپٹل نے طبی مقاصد کیلئے منگوایا تھا۔ ایر پورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ اس تابکاری سے مسافرین کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔