دہلی ایرپورٹ پر سرقہ کے واقعات میں اضافہ

نئی دہلی ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : اندرا گاندھی بین الاقوامی طیرانگاہ میں گذشتہ سال سرقہ کی 67 واقعات پیش آئے جب کہ یہ سال 2013 میں صرف 14 تھے ۔ راجیہ سبھا میں آج مملکتی وزیر شہری ہوا بازی مہیش شرما نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ آئی جی آئی ایرپورٹ پر سال 2014 میں 67 سرقہ کے کیس درج کروائے گئے جب کہ سال 2013 میں یہ صرف 14 کیس تھے اور سال 2012 میں 24 سرقہ کے واقعات پیش آئے اور جاریہ سال کے پہلے 3 ماہ میں 19 چوری کی وارداتیں ریکارڈ کی گئیں ۔ وقفہ صفر کے دوران جب یہ سوال کیا گیا کہ آئی جی آئی ایرپورٹ پر آیا سرقہ کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے ؟ مملکتی وزیر نے یہ جواب دیا اور بتایا کہ سرقہ کے واقعات کی روک تھام کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں اور مشتبہ افراد کی فہرست متعلقہ ایجنسیوں کو فراہم کی جارہی ہے جبکہ ایرپورٹ ملازمین کی جامہ تلاشی کے ساتھ ٹیلی فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ اور ڈیوٹی انجام دینے کے بعد فوٹو شناختی کارڈ حاصل کرلیے جاتے ہیں اور مسافرین سے شکایات وصول کرنے کیلئے سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس کا ایک ہیلپ ڈسک کاونٹر بھی قائم کیا گیا ہے ۔۔