دہلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی شاندار کامیابی سیکولرازم کی فتح : عثمان شہید

حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : محمد عثمان شہید ایڈوکیٹ صدر آل انڈیا مسلم فرنٹ نے دہلی کے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی فقید المثال عظیم الشان اور تاریخ ساز کامیابی پر مسٹر کجریوال کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایک چیونٹی نے ہاتھی کو شکست دیدی ۔ دہلی کے رائے دہندے قابل مبارکباد ہیں کہ انہوں نے اپنی سیکولر ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی کو دھول چاٹنے پر مجبورکردیا ۔ یہ نتائج اس حقیقت کے آئینہ دار ہیں کہ سیکولرازم ہندوستانیوں کے خون میں رچ بس گیا ہے ۔ بی جے پی ہندوستان کو ایک ہندودیش بنانے کے لیے کوشاں ہے لیکن ہندوستانیوں کو یہ قطعی منظور نہیں کہ ہندوستان سیکولرازم کا لبادہ اتار کر ہندو راشٹرا کا لباس زیب تن کرلے ۔ دہلی کے رائے دہندوں نے ملک کے دیگر ریاستوں کو یہ بھی پیغام دیدیا ہے کہ مالی وسائل کی کمی کے باوجود اگر ہم جانفشانی کے ساتھ ووٹرز سے راست رابطہ پیدا کر کے ان کے مسائل کے حل کے لیے مثبت اقدام کرنے کا تیقن دیں تو وہ یقیناً سیاہی و سفیدی میں تمیز کرسکتے ہیں ۔ ان نتائج سے ہم مسلمان سنجیدگی سے اپنے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کریں ۔ آج ملک میں مذہبی اکائی یا مسلم سیاسی تنظیم کی ضرورت نہیں بلکہ مسلمان متحدہ طور پر اپنے مسلکی اختلافات کو دور کرتے ہوئے کسی ایک سیکولر سیاسی تنظیم کا ساتھ دیں ۔ ہمارے وجود کی بقاء کے لیے ایسا فیصلہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ بی جے پی کا آسیبی سایہ آج ملک کو اپنے خونی پنجے میں جکڑا ہوا ہے ۔ اس سے چھٹکارا پانے کے لیے ضرورت ہے کہ ہم مسلمان دانشمندی سے کام لیں ۔ اپنے ذاتی مفاد کو پیش نظر رکھ کر ہمارا کوئی بھی فیصلہ ہماری نسل کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا ۔۔