دہشت گرد حملہ کا خطرہ ،ملک بھرمیں چوکسی

ممبئی ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ایرپورٹ کے علاوہ قریب واقع تاج ہوٹل کی سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ ایرپورٹ مینجر کو کل رات دھمکی آمیز فون کال موصول ہوا کہ ایرپورٹ اور قریب واقع تاج ہوٹل کو حملہ کا نشانہ بنایاجائے گا۔ سیکوریٹی ایجنسیوں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے چوکسی بڑھادی۔ 7/11 ممبئی سلسلہ وار ٹرین دھماکوں کے 12 مجرمین کو کل سنائی جانے والی ہے جس کی وجہ سے احتیاطی طور پر سیکوریٹی انتظامات سخت کئے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ انٹلیجنس کی تازہ اطلاعات میں یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ پاکستانی دہشت گرد جموں و کشمیر کے راستہ ملک میں داخل ہورہے اورمیٹرو سٹیزکے علاوہ فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ حال ہی میں گرفتار پاکستانی دہشت گردوں نے ان منصوبوں کا انکشاف کیا ہے چنانچہ تمام بڑے شہروں نئی دہلی ، ممبئی ، حیدرآباد، کولکتہ ، بنگلورو ، چینائی اور احمدآباد میں سیکوریٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔