دہشت گردی ہند ۔ پاک تعلقات کی راہ میں رکاوٹ

اسلام آباد 28 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) دہشت گردی کو ہندوستان و پاکستان کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے کی راہ میں اصل مسئلہ قرار دیتے ہوئے ہندوستان نے آج کہا کہ مستقبل میں دونوں ملک جسطرح کی پالیسیاں اختیار کرتے ہیں تعلقات کو معمول پر لانے کا اس پر زیادہ انحصار ہے ۔ ہندوستانی ہائی کمشنر برائے پاکستان ٹی سی اے راگھون نے تاریخ اور سفارتکاری کے تناظر میں ہند ۔ پاک تعلقات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی نئی حکومت اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی خواہشمند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملکوں کے مابین تعلقات ہمیشہ ہی مشکل رہے ہیں اور ہندوستان و پاکستان کے ما بین تعلقات کو اس سے استثنی نہیں رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی مرکزی مسئلہ ہے جو ہند و پاک کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک پالیسی کا مسئلہ ہے یہ ہمارا انتخاب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات کے معمول پر لانے کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہم مستقبل میں کس طرح کی پالیسیاں اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی نئی حکومت اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتی ہے ۔ بنگلہ دیش کے ساتھ سرحدی معاہدہ پر دستخط کیلئے وزیر اعظم بہت جلد پڑوسی ملک بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والے ہیں۔