دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور برطانیہ میں تعاون

اسلام آباد ۔ 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات میں مزید اضافہ پر زور دیا۔ دونوں ملکوں نے دہشت گردی کے خلاف باہمی تعاون کو مزید بلند سطح پر پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کے دورہ پر آئے تھے برطانوی وزیردفاع فلپ ہیمنڈ نے وزیراعظم نواز شریف سے بات چیت کے دوران دفاعی اور انسداد دہشت گردی تعاون میں فروغ کی ضرورت سے اتفاق کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو دفاع، سائنس و ٹیکنالوجی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کے ذریعہ مزید اونچی سطح پر پہنچانا چاہئے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے دفاعی فورسیس کے مابین تعاون میں اضافہ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ دونوں قائدین نے انسداد دہشت گردی کی مہم میں باہمی تعاون میں اضافہ سے اتفاق کیا ہے۔ افغانستان کی صورتحال اور اس جنگ زدہ ملک سے بیرونی فورسیس کی واپسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسٹر نواز شریف نے کہا کہ ایک پرامن اور خوشحال پاکستان کیلئے ایک مستحکم اور پرامن افغانستان کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں اقلیتی مذہبی یادگاروں کے احیاء کا منصوبہ
لاہور ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کا منصوبہ ہے کہ ایک سکھ سمادھی اور ہندو مندر کاتحفظ اور احیاء عمل میں لایاجائے ، جو لاہور قلعہ کے قریب واقع دو اہم تاریخی یادگاریں ہیں۔ میڈیا رپورٹ نے آج کہا کہ اس ضمن میں 22 ملین روپئے کا پراجکٹ زیرغور ہے ۔ اخبار ڈان کے مطابق مہاراجہ رنجیت سنگھ کے روحانی رہنما بھائی وسطی رام کی سمادھی اور مغل شہنشاہ اورنگ زیب کے دور کی جھنگر شاہ سوترا کی مندروہ یادگاریں ہیں جن کی بحالی کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔