دہشت گردی کی تربیت دینے والوں کو عمرقید کی تجویز برطانیہ میں نئے مسودہ قانون پر غور

لندن 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وائٹ ہال ایک قانون کے مسودے پر غور کررہا ہے جس کے تحت دہشت گردی کی تربیت دینے والے انتہا پسندوں کو عمر قید کی سزا دی جاسکے گی۔ ڈیلی ٹیلی گراف نے یہ انکشاف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وزراء شام اور خود برطانیہ میں لوگوں کو دہشت گردی کی تکنیک سکھانے والوں سے نمٹنے کے لئے سخت قوانین تیار کررہے ہیں۔ نئے قوانین کے جو انتہا پسند کسی کو بندوق چلانے یا دھماکہ خیز مواد استعمال کرنے کے طریقے بتاتے پائے جائیں گے انھیں عمر قید کی سزا دی جاسکے گی۔ اخبار نے وائٹ ہال کے ذرائع کے حوالہ سے لکھا ہے

کہ اب تک یہ سزا دہشت گردی میں ملوث انتہا پسندوں کے لئے مخصوص تھی۔ یہ سخت قوانین اس تشویش کے پیش نظر تیار کئے جارہے ہیں کہ 11 ستمبر 2001 ء کو امریکہ پر حملے کے بعد جن انتہا پسندوں کو قید کی سزائیں ہوئی تھیں ان کی سزاؤں کی میعاد ختم ہونے والی ہے یعنی عنقریب وہ رہا ہوجائیں گے جس کی وجہ سے اس ضمن میں زیادہ سخت قوانین کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔ سکیورٹی حکام کے منصوبے کے مطابق دہشت گردی کے جرم کی جس میں اسلحہ چلانے کی تربیت شامل ہے زیادہ سے زیادہ سزا میں اضافہ کرکے انھیں مزید سخت بنادیا جائے گا۔ موجودہ قوانین کے تحت ایسے مجرموں کو 14 سال تک قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔ نئے قانون کے تحت ان جرائم پر عمر قید کی سزا دی جاسکے گی۔