دہشت گردی کیخلاف ٹھوس کوشش ضروری : افغانستان

نئی دہلی ۔ 25 اپریل (سیاست  ڈاٹ کام) دہشت گرد گروپوں کی تائید و حمایت کے معاملہ میں پاکستان کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے افغانستان نے آج خطہ میں دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کو ختم کرنے کیلئے ٹھوس کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ چند روز قبل افغان شہر مزارشریف کے فوجی اڈہ میں طالبان کے حملہ سے زائد از 140 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ افغان قاصد شیدا ابدالی نے یہاں ایک ایونٹ میں کہاکہ دہشت گردی کی سرکاری سرپرستی اب مسلمہ حقیقت بن چکی ہے۔ ہمیں امید ہے اور منتظر ہیکہ یہ تلخ حقیقت بدل جائے۔ انہوں نے کہا ہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی مملکتوں کو اس طرح کی حرکتوں میں ملوث نہ ہونے کیلئے سخت پیام دینا چاہئے۔ ابدالی نے کہا کہ دہشت گردی سے سارے خطہ کی ترقی متاثر ہوئی ہے اور بڑے ملکوں کو اس چیلنج سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے آگے آنا چاہئے۔ اگر ہم دہشت گرد گروپ کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرتے رہے تو مستقبل تاریک ہوجائے گا۔ دہشت گردی سب سے بڑا چیلنج ہے جو ہمارے ویژن اور ہماری ترقی میں رکاوٹ پیدا کررہا ہے۔