پاکستان کو مبارکباد ، وزیرخارجہ سشماسوراج کا بیان
سوچی (روس) ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ہندوستان سشماسوراج نے آج کہا کہ دہشت گردی کو مذہب سے نہیں جوڑا جاسکتا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ اس لعنت سے مقابلہ کیلئے باہمی تعاون میں اضافہ کریں کیونکہ یہ ایک انسانیت دشمن جرم ہے۔ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے روس کے دورہ پر ہیں۔ اس گروپ میں چین کو غلبہ حاصل ہے۔ اسے ناٹو کا ہم پلہ سمجھا جاتا ہے۔ ہندوستان دہشت گردی کی تمام نوعیتوں اور تمام توسیعی شکلوں کی مذمت کرتا ہے۔ سشماسوراج نے شنگھائی تعاون تنظیم کی چوٹی کانفرنس کے دوران سخت سردی کے باوجود اس کی چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت حاصل ہونے پر پاکستان کو مبارکباد دی۔ اس چوٹی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی وہاں کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کررہے ہیں۔ ہندوستان کو بھی تنظیم کا مستقل رکن بنایا گیا ہے جو 2005ء سے اس کے مبصر کا درجہ رکھتا تھا۔