دنیا بھر میں مسلمانوں پر نفرت پر مبنی حملوں میں اضافہ پر تشویش
اسلام آباد 26 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے ‘پیرس حملوں کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوںکے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اسلام امن کا مذہب ہے ۔ خارجہ ترجمان قاضی خلیل اللہ نے میڈیا بریفنگ میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ پر تشویش کا اظہارکیا ہے ۔ پیرس میں 13 نومبر کو دہشت گردانہ حملے ہوئے تھے اور آئی ایس نے ذمہ داری قبول کی تھی جس میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ یہ امن کا مذہب ہے اور بھائی چارہ کو فروغ دیتا ہے ۔ برطانوی حکومت کے مخالف اسلام نفرت پر کام کرنے والے ورکنگ گروپ کی رپورٹ کے بموجب برطانیہ میںپیرس حملوں کے بعد کے ہفتے میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں 300 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔