دہشت گردی پر مودی کے ریمارکس ’بے بنیاد لفاظی‘، پاکستان کا ردعمل

اسلام آباد ، 13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ایک روز بعد جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے اسے ہندوستان کے خلاف بالواسطہ جنگ میں ملوث ہونے کا مورد الزام ٹھہرایا، پاکستان نے آج جوابی وار کرتے ہوئے اسے ’’بے بنیاد لفاظی‘‘ قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے مسائل کی یکسوئی پر توجہ مرکوز کرنا چاہئے۔ دفتر خارجہ پاکستان کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا، ’’اعلیٰ ترین سیاسی سطح پر ہندوستانی الزامات کی صحافتی اطلاعات نہایت بدبختانہ ہیں، بالخصوص اس لئے کہ پاکستان کی قیادت ہندوستان کے ساتھ اچھے پڑوسانہ تعلقات قائم کرنے کی خواہش مند ہے‘‘۔

انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا مئی میں دورۂ ہندوستان اسی جذبے کے تحت رہا اور باہمی رشتے میں نئی جہت پیدا ہوئی ہے۔ وزیراعظم مودی نے کل لیہہ کو اپنے اولین دورے پر آرمی اور ایر فورس کے دستوں سے اپنے خطاب میں کہا تھا، ’’ہمارے پڑوسی کا رویہ بدبختانہ ہے … وہ جنگ لڑنے کی طاقت کھوچکے ہیں لیکن وہ بالواسطہ جنگ کا طریقہ اپنائے ہوئے ہیں۔ اس بالواسطہ جنگ کے ذریعہ بے قصور لوگوں کو ہلاک کرنے کا رجحان چل پڑا ہے‘‘۔ وزیراعظم مودی کے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے ان ریمارکس کو ’’بے بنیاد لفاظی‘‘ قرار دیا۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم مودی سے منسوب بیان قابل مذمت ہے۔