نئی دہلی 24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی امکان ہے کہ تخریب کاروں کے تشدد کو روکنے اور دہشت گردی کے خلاف کوئی نرمی روا نہ رکھنے کیلئے اپنے پڑوسی ممالک سے سارک چوٹی کانفرنس میں تعاون طلب کرنے کی کوشش کرینگے ۔ اس کانفرنس کا چہارشنبہ کو کٹھمنڈو میں آغاز ہو رہا ہے ۔ امکان ہے کہ وزیر اعظم اس چوٹی کانفرنس میں دہشت گردی کے مسئلہ پر جامع اظہار خیال کرینگے جس سے جنوبی ایشیا کے ممالک سب سے زیادہ متاثر ہیں ۔ مودی اس مسئلہ سے مشترکہ طور پر نمٹنے کیلئے تمام ممالک سے تعاون طلب کرسکتے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ نریندر مودی سارک مملک کے سربراہان سے کہیں گے کہ ہندوستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہے اور وہ اس لعنت سے نمٹنے کسی طرح کی نرمی نہیں برت رہا ہے ۔ دوسرے تمام ممالک کو بھی دہشت گردی سے نمٹنے ایسا ہی موقف اختیار کرنا چاہئے ۔ دو روزہ چوٹی کانفرنس میں امکان ہے کہ کئی اہم مسائل بشمول آزادانہ تجارت ‘ تعلیم ‘ نگہداشت صحت ‘ توانائی سکیوریٹی اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ جنوبی ایشیائی اسوسی ایشن برائے علاقائی تعاون ( سارک ) تنظیم میں بنگلہ دیش ‘ بھوٹان ‘ ہندوستان ‘ نیپال ‘ مالدیپ اور پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور افغانستان بھی شامل ہیں۔