وجئے پور 28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ ایس پی وید نے آج کہاکہ انتہائی مسلح دہشت گردوں کی کثیر تعداد اس ریاست میں دراندازی کے ایک موقع کی تلاش میں سرحد کے اُس پار لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر موجود ہے۔ تاہم ریاستی ڈائرکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) نے کہاکہ فوج اور بارڈر سکیوریٹی فورسیس سرحدوں پر سخت ترین نگرانی و چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں اور ریاست میں دراندازی کے لئے ان (دہشت گردوں) کی کوششوں کو روکنے میں بڑی حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔ وید نے مزید کہاکہ نوجوانوں کو عسکریت پسندی کی طرف راغب کرنے کے لئے پاکستان کی طرف سے سوشیل میڈیا پر غلط پروپگنڈوں کی بنیاد پر مہم چلائی جارہی ہے لیکن ریاستی پولیس اس (مہم) کا جواب دینے کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے اور تاحال کئی اکاؤنٹس بلاک کرچکی ہے۔