جئے پور ۔ 5 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کشمیر میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنس جاری رہیں گے ، فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے آج اس دعویٰ کے ساتھ مزید کہاکہ یہ پڑوسی ملک پر منحصر ہے کہ وہ دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ کس طرح کا برتاؤ کرتا ہے لیکن ہندوستان یہ مسئلہ اُٹھاتا رہے گا ۔ جنرل راوت نے سورت گڑھ ملٹری اسٹیشن میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا والوں کو بتایا کہ کشمیر میں آپریشنس لگاتار جاری ہیں اور وادی کی صورتحال میں ہم نے بہتری لائی ہے ۔ اس طرح کے آپریشنس جاری رہیں گے ۔ جموں و کشمیر میں سکیورٹی فورسیس نے رواں سال زائد از 200 عسکریت پسندوں کا صفایا کیا ہے جو 2010 ء کے بعد سے اعظم ترین تعداد ہے ۔ ظاہر طورپر پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل راوت نے کہاکہ دہشت گرد تنظیموں سے کس طرح نمٹا جائے یہ پڑوسی ملک کا اپنا معاملہ ہے لیکن ہم اس مسئلہ پر خاموش نہیں رہیں گے ۔ ہم نہیں چاہتے کہ اس طرح کی تنظیموں کو بڑھاوا ملے ۔ جنرل راوت ضلع سری گنگا نگر میں سورت گڑھ ملٹری اسٹیشن میں تین رجمنٹس کو پریسیڈنٹس اسٹانڈرڈ عطا کرنے آئے ہوئے ہیں۔