دہشت گردوں سے روابط رکھنے والوں کی آسٹریلیائی شہریت خطرے میں

سڈنی ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے آج ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد جو دوہری شہریت کے حامل ہیں، اگر وہ ملک کے خلاف دہشت گردی میں ملوث پائے گئے تو قانون میں ترمیم کرتے ہوئے ان کی شہریت ختم کردی جائے گی۔ البتہ انہیں کسی واحد ملک کا شہری برقرار رکھا جائے گا۔ وزیراعظم ٹونی اباٹ نے کہا کہ ترمیم کا اطلاق دوہری شہریت کے حامل افراد پر ہوگا جو یا تو دولت اسلامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ لڑائی میں شامل ہیں یا ان کی تائید کرتے ہیں۔ لہٰذا ایسے افراد ملک و قوم کے لئے خطرہ بن گئے ہیں۔ البتہ دوسری نسل سے تعلق رکھنے والے آسٹریلیائی شہریوں کی شہریت ختم نہیں کی جائے گی البتہ اگر انہیں قصوروار پایا گیا تو انہیں اپنے والدین کی شہریت اختیار کرنے کیلئے مجبور کیا جائے گا۔ ہم اپنے اس وعدہ کے پابند رہیں گے کہ کسی بھی شخص کو شہریت سے بالکل محروم نہیں کیا جائے گا۔ کسی ایک ملک کی شہریت اس کے پاس بہرحال رہے گی۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نئے اختیارات بروقت ہیں، جس کے ذریعہ ہم دہشت گردوں سے لاحق خطرات کو کم کرسکتے ہیں جس میں نہ صرف عدلیہ کا تحفظ اور ساتھ ہی ساتھ ترمیم کے ذریعہ ہمارا قانون بھی برطانیہ، کینیڈا، فرانس اور امریکہ کے قانون سے قریب تر ہوجائے گا۔