دہشت گردانہ حملوں میں جاں بحق پولیس ملازمین کو خراج عقیدت

ممبئی شہر کی حفاظت ہر ایک کی ذمہ داری۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس کا خطاب
ممبئی۔/26نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) شہر ممبئی میں 7سال قبل دہشت گردانہ حملوں کے دوران جاں بحق افراد کو آج گلہائے عقیدت پیش کیا گیا ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرادیویندر فڈ نویس اور دیگر شخصیتوں نے جنوبی ممبئی میں واقع ممبئی پولیس جمخانہ میں یادگاران پولیس کے مقام پر 26/11 کے  شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ میں نے ان  بہادر پولیس ملازمین پر عقیدت کے پھول نچھاور کئے جنہوں نے26نومبر 2008 کے دن شہر ممبئی کی حفاظت کیلئے لڑتے ہوئے جانیں قربان کردیں جن پر ہمیں ناز ہے۔ اب ہمیں ریاست کی حفاظت اور سلامتی کیلئے کوشش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو عصری ساز و سامان سے لیس کیا جائیگا جو ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ یادگار تقریب میں نومبر 2008 حملوں میں جاں بحق پولیس ملازمین کے افراد خاندان شریک تھے۔ واضح رہے کہ پاکستانی دہشت گرد 26نومبر 2008 کو سمندری راستہ ممبئی میں داخل ہوئے تھے اور مختلف مقامات پرپھیل کر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس میں 166 افراد بشمول18 سیکوریٹی  اہلکار ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے اور کروڑہا روپئے مالیتی املاک کو نقصان پہنچا تھا۔ ان حملوں میں بالخصوص انسداد دہشت گردی دستہ (ATS) کے سربراہ ہیمنت کرکرے، فوجی میجر سندیپ اونی کرشنن، ممبئی کے ایڈیشنل پولیس کمشنر اشوک کامٹے اور سینئر پولیس انسپکٹر وجئے سلسکر بھی شہید ہوگئے تھے۔دہشت گردوں نے چھتر پتی شیواجی ٹرمنس ، اوبرائے ٹرینڈنٹ، تاج محل پیالیس اینڈ ٹاورٹ، لیویلولڈ کھینے، کاما ہاسپٹل، نریمن ہاؤز، جیویش کمیونٹی سنٹر کو نشانہ بنایا گیاتھا۔ یہ حملے26نومبر کو شروع ہوکر 29نومبر کو اختتام پذیر ہوئے تھے۔ان حملوں میں اجمل قصاب واحد دہشت گرد تھا جسے زندہ پکڑ لیا گیا تھا۔ اسے چار سال بعد 21نومبر کو 2012ء میں پھانسی دے دی گئی تھی۔