حیدرآباد 7 جنوری ( این ایس ایس ) سابق وزیر مسٹر دھرمنا پرساد راؤ نے سمجھا جاتا ہے کہ تلگودیشم سربراہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کا وقت طلب کیا ہے ۔ سابق وزیر جی اے سوریہ نارائنا کے بموجب مسٹر دھرمنا پرساد راؤ نے تلگودیشم سربراہ سے ملاقات کا وقت طلب کیا ہے ۔ قبل ازیں یہ اطلاعات گشت کر رہی تھیں کہ دھرمنا پرساد راؤ وائی ایس آر کانگریس میںشامل ہونا چاہتے ہیں۔
انہوں نے گذشتہ سال جگن کے غیر محسوب اثاثہ جات کے مقدمہ میں ماخوذ کئے جانے کے بعد کرن کمار ریڈی کابینہ سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ سریکا کلم میں تلگودیشم کے دفتر پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سوریہ نارائنا نے کہا کہ دھرمنا پرساد راؤ تلگودیشم سربراہ سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔ اس دوران ایک اور سابق وزیر ایس وجئے راما راجو نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس سربراہ مسٹر جگن موہن ریڈی نے دھرمنا پرساد راؤ کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے سے انکار کردیا تھا اور انہوں نے دھرمنا پرساد راؤ کو انتخابات میں مقابلہ کیلئے پارٹی ٹکٹ دینے سے بھی انکار کردیا تھا ۔