دکن ریڈیو پر ریلوے تقررات پر ایم اے حمید کے بہترین جوابات

حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : دفتر سیاست میں دکن ریڈیو پر ہر چہارشنبہ سامعین کے راست جوابات کے لیے لائیو پروگرام رکھا جارہا ہے ۔ چنانچہ آج خصوصی پروگرام ریلوے میں ملازمتوں کی معلومات کے لیے رکھا گیا ۔ اس کے لیے فون پر سوالات کے راست جوابات کے لیے دکن ریڈیو کے اسٹیشن پر ماہر تعلیم ایم اے حمید کو مدعو کیا گیا تھا ۔ پروگرام کوآرڈینٹر جناب زاہد فاروقی نے اپنی معاون مس صنعا کے ساتھ سوالات کا سلسلہ شروع کیا اور ایک گھنٹہ طویل اس راست نشریہ پروگرام میں فون پر ریکارڈ کئے گئے سوالات کے جوابات کے علاوہ اوقات پروگرام میں فون کے راست سوالات کو شامل کرتے ہوئے اس کے جوابات دئیے گئے ۔ اور اسٹوڈیو میں مانو کے جرنلزم کے طلباء و طالبات موجود تھے ۔ جنہوں نے راست شخصی طور پر سوالات کئے ۔ ریلوے کے ملازمتوں کے لیے اہلیت ، تعلیمی قابلیت اور عمر کی حد سے متعلق کئے گئے ۔ جناب فہیم انصاری نے پروگرام کے کامیاب انصرام کے لیے تمام سہولیات فراہم کی تھی جس کا استعمال کرتے ہوئے پروگرام کو موثر بنایا گیا ۔ ریلوے کے ماہ نومبر میں منعقد ہونے والے امتحانات کی تیاری کے متعلق سوالات کے جواب میں بتایا گیا کہ وہ کوئی خاص کتاب یا ماڈل پیپر کے بجائے امتحانی سوالات کی نوعیت کے مطابق تیاری کریں ۔ 90 منٹ کے وقت میں 100 سوالات آبجکٹیو نوعیت کے کرنا ہے اور جنرل نالج ، ابتدائی ریاضی سوالات کی مشق کریں ۔ سوالات اردو ، انگلش ، تلگو ، ہندی میں آرہے ہیں ۔ ایم اے حمید نے تمام سوالات کے تشفی بخش جوابات دئیے ۔ زاہد فاروقی نے شکریہ ادا کی