ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین نے دکان کا افتتاح کیا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : اللہ تعالی کسی بندہ پر رحم کرنا چاہتے ہیں تو اسے مخلوق کی خدمت کا ذریعہ بنا دیتے ہیں ۔ اس کے دل میں دوسروں کے لیے محبت مروت ہمدردی اور مدد کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھر دیتے ہیں ۔ ایسا ہی کچھ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا معاملہ ہے اپنے مکان سے دفتر سیاست آنے اور جانے کے دوران ان کی نظریں ایسے افراد کی تلاش میں رہتی ہیں جو حقیقت میں مدد کے مستحق ہیں جنہیں حوصلہ افزائی درکار ہے ۔ چنانچہ بہادر پورہ ۔ کشن باغ روڈ پر اکثر وہ ایک معذور شخص کو دیکھا کرتے تھے جو موبائل ریپرنگ کی دکان چلاتے ہیں ۔ حال ہی میں ایڈیٹر سیاست کا جب وہاں سے گذر ہوا تو انہوں نے بطور خاص اپنی گاڑی روکا کر اس نوجوان 35 سالہ محمد ارشد علی خاں کی خیر خیریت دریافت کی ۔ جس پر اس نوجوان نے بتایا کہ وہ اپنے بڑے بھائی عابد علی خاں کے ساتھ موبائل ریپرنگ شاپ چلایا کرتے ہیں لیکن کاروبار نہ ہونے کے باعث فی الوقت پریشان ہیں ارشد اور ان کے بھائی عابد دونوں جسمانی طور پر 90 فیصد معذور ہیں ۔ ارشد نے مزید بتایا کہ وہ شادی شدہ اور دو بچوں ( ایک بیٹا اور ایک بیٹی ) کے باپ ہیں ۔ والدہ بقید حیات ہیں ۔ کاروبار نہ ہونے کے باعث تقریبا ایک سال تک دکان بند رہی ۔ ارشد سے ان کے حالات سننے کے بعد ایڈیٹر سیاست نے انہیں دفتر سیاست طلب کیا اور اپنے دفتر میں ان کی فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری جناب افتخار حسین سے ملاقات کروائی ۔ جس پر فیض عام ٹرسٹ نے اس معذور نوجوان کو 20 ہزار روپئے کی امداد دینے کا فیصلہ کیا تاکہ کنفکشنریز اور بچوں کی دیگر اشیاء لاکر فروخت کرسکیں ۔ ارشد اور عابد نے ان 20 ہزار روپیوں سے دکان کو پھر ایک مرتبہ سامان سے بھردیا اور آج اس دکان کا ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے مشترکہ طور پر افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر جناب رضوان حیدر اور جناب سید حیدر علی بھی موجود تھے ۔ جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین نے ارشد علی خاں اور ان کے بھائی کو ہر حال میں دیانت داری اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ان کے بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری لی جائے گی جب کہ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے ارشد علی خاں کی اہلیہ کو بیوٹیشن کا کورس کروایا جائے گا ۔۔