حیدرآباد۔/29اپریل، ( سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے بعض خانگی اداروں (کمپنیوں وغیرہ ) کو فراہم کردہ اراضیات جن سے استفادہ نہیں کیا جارہا ہے ‘حاصل کرتے ہوئے غریب عوام کیلئے ان اراضیات پر امکنہ جات تعمیر کرنے کا حکومت ارادہ رکھتی ہے۔ آـ ج یہاں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس بات کا اظہار کیا۔ اسپیشل آفیسر و میونسپل کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر سومیش کمار، کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی، کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سی وی آنند، محکمہ جات مال و ہاوزنگ کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں مکانات کی تعمیر اسکیم کے مسئلہ پر چیف منسٹر نے یہ اجلاس طلب کیا تھا۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ گزشتہ عرصہ کے دوران کروائے گئے ہمہ مقصدی سروے میں شہر حیدرآباد میں کم از کم دو لاکھ افراد کو مکانات نہ رہنے کا انکشاف ہوا ہے۔ لہذا مرحلہ وار اساس پر شہر حیدرآباد کے حدود میں دو لاکھ مکانات حکومت تعمیر کروائے گی۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر عمل میں لاتے ہوئے غریب عوام کیلئے ڈبل بیڈ روم مکان فراہم کیا جائے گا اور ان ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر کیلئے درکار کم از کم دو ہزار ایکڑ اراضیات ( جو سابق میں دی گئی تھیں غیر مستعملہ پڑی ہوئی ہیں) حاصل کرنے یا اکٹھا کرنے کا چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو حکم دیا اور عہدیداروں کو مزید ہدایت دی کہ حکومت کی فراہم کردہ استعمال میں نہ لائی جانے والی اراضیات پر امکنہ جات کی عاجلانہ تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔