علی راج پور، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے علی راج پور ضلع کے آزاد نگر میں عید کے موقع پر دو فریقوں کے درمیان کشیدگی کے بعد ضلع کلکٹر نے دفعہ 144نافذ کر دی۔پولیس ذرائع کے مطابق آزاد شہر میں پیر کو ایک فرقے کے لوگوں نے محبت سے جڑے ایک معاملے کے سلسلے میں دوسرے فریق کے ایک گھر پر پتھراؤ کر دیا، جس کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان جم کر تنازعہ ہوا۔ دیکھتے ہی دیکھتے صورت حال بگڑتی گئی اورلوگوں نے پولیس اہلکاروں پر بھی پتھراؤ شروع کر دیا۔ اس کے بعد کلیکٹر گنیش شنکر مشرا نے دفعہ -144 لگانے کی ہدایت دی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کل کے واقعہ کے بعد آج صبح سے پورے شہر میں امن ہے ۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدو رفت بھی نسبتا ً کم رہی۔پولیس نے دیر رات تنازعہ کرنے والے دونوں فریقوں کی جانب سے رپورٹ درج کر لی ہے ۔ وہیں پولیس سپرنٹنڈنٹ کارتیکین کے نے فوراً ہی ضلع ہیڈکوارٹر اور جوبٹ سے اضافی پولیس فورس آزاد نگربھیجی ہے۔