دو ایم پیز کانگریس سے معطلی کے بعد کرن کمار سے بھی دور

تلگودیشم میں شمولیت کا فیصلہ، ایم سرینواسلو ریڈی اور سائی پرتاپ ریڈی کا موقف
حیدرآباد /26 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے دو معطل ارکان پارلیمنٹ سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو جھٹکا دیتے ہوئے تلگودیشم سے رابطہ میں ہیں۔ سیما۔ آندھرا میں کانگریس پارٹی خالی ہو رہی ہے۔ جن کے بھروسے پر کرن کمار ریڈی نے جے سمکھیا پارٹی تشکیل دی تھی، وہ بھی ایک ایک کرکے پارٹی چھوڑکر تلگودیشم میں شامل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ یو پی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد نوٹس پیش کرنے پر کانگریس نے سیما۔ آندھرا کے 6 ارکان پارلیمنٹ کو پارٹی سے برطرف کردیا تھا۔ ابتدا میں تمام ارکان پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی کے ساتھ تھے، تاہم اب ایک ایک کرکے ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔ پہلے دو سابق وزراء پی ستیہ نارائنا اور شیلجہ ناتھ تلگودیشم سے رابطہ میں آئے، اس کے بعد اب دو ارکان پارلیمنٹ سائی پرتاپ اور

ایم سرینواسلو ریڈی تلگودیشم سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔ حلسہ لوک سبھا انگول کے کانگریس رکن پارلیمنٹ ایم سرینواسلو ریڈی حلقہ تبدیل کرتے ہوئے حلقہ لوک سبھا نیلور سے تلگودیشم کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، جب کہ اس حلقہ سے تلگودیشم نے پہلے ہی اپنے امیدوار کو قطعیت دے دی ہے، اس لئے انھیں انگول سے ہی مقابلہ کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ حلقہ لوک سبھا راجم پیٹ کی نمائندگی کرنے والے سائی پرتاپ دوبارہ اسی حلقہ سے مقابلہ کرنے کے حق میں ہیں۔ انھیں مقامی تلگودیشم کارکنوں کی بھی تائید حاصل ہے۔ باوثوق ذرائع کے بموجب صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے کانگریس کے معطل ارکان پارلیمنٹ کو پارٹی میں شامل کرنے کے تعلق سے بات چیت کی ہے اور بہت جلد ان دونوں کے تلگودیشم میں شامل ہونے کے امکانات ہیں۔