حیدرآباد۔/19نومبر، ( آئی این این ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کالوا کنٹلہ چندر شیکھر راؤ نے آج ریاستی قانون ساز اسمبلی میں اعلان کیا کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی سے متعلق دریائے کرشنا کا تیسرا مرحلہ آئندہ ماہ ڈسمبر تک مکمل ہوجائے گا اور پانی کی جزوی سربراہی بھی شروع کردی جائے گی لیکن مارچ 2015 میں پراجکٹ مکمل طور پر کارکرد ہوجائے گا۔ وقفہ سوالات کے دوران ٹی پرکاش گوڑ کے ایک سوال پر چیف منسٹر نے مزید کہا کہ گوداوری سے پینے کے پانی کی سربراہی کے پراجکٹ کا مرحلہ اول پیشرفت کے ساتھ جاری ہے۔ اصل پائپ لائن بچھانے کا کام 96فیصد کی حد تک مکمل ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میٹر واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ چیف منسٹر کے بھاری تعداد میں تقررات کے سبب مالی بوجھ کا شکار ہوجانے کی تردید کی۔