دونوں شہروں میں وبائی امراض اور ڈینگو کا خطرہ

بخار، کھانسی ،امراض شکن کی شکایت، صفائی انتظامات پر خصوصی توجہ ضروری
حیدرآباد۔6نومبر ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں اور انہیں روکا جانا بے انتہاضروری ہے ۔ پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے بھی کئی علاقے ملیریا ‘ڈیریا کے علاوہ دیگر وبائی امراض پھیلتے جارہے ہیں اور دواخانوں پر بخار ‘ کھانسی کے علاوہ امراض شکم سے متاثرہ مریضوں کی بڑی تعداد رجوع ہورہی ہے ۔ پرانے شہر کے علاقوں کالاپتھر ‘ تاڑبن ‘ یاقوت پورہ ‘ تالاب کٹہ ‘ بہادرپورہ و دیگر علاقوں میں آئے دن وبائی امراض کی شکایات منظر عام پر آرہی تھی ۔ اسی طرح اب گولکنڈہ ‘ ٹولی چوکی ‘ شیخ پیٹ ‘ مراد نگر ‘ کاروان ‘ جھرہ کے علاوہ دیگر علاقوں سے بھی اسی طرح کی شکایات موصول ہونے لگی ہے ۔ بلدی عہدیداروں کے بموجب وبائی امراض کے پھیلنے کی بنیادی وجہ سڑکوں پر کچرے کے سبب پھیلنے والا تعفن اور مچھروں کی کثرت ہے‘ اسی لئے شہریوں کو چاہیئے کہ وہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے تعاون کرتے ہوئے شہر میں پاک و صاف ماحول کو یقینی بنانے میں مدد کریں ‘ جبکہ شہریوں کا الزام ہے کہ بلدیہ کی جانب سے کئی دنوں تک رہائشی علاقوں سے کچرے کی عدم نکاسی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہورہی ہے ۔ شہر کے بیشتر علاقوں میںبلدیہ کی جانب سے فوری طور پر مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ ناگزیر ہے لیکن متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود بلدی عہدیدار اس انتہائی سنگین مسئلہ سے لاپرواہی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ جس کے سبب شہر میں وبائی امراض کے ساتھ ساتھ ڈینگو کی وباء بھی پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوچکاہے ۔ گذشتہ چند ماہ کے دوران ڈینگو کے کئی مریض مختلف خانگی دواخانوں سے رجوع ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود بلدیہ کی جانب سے اختیار کردہ رویہ شہریوں کیلئے تکلیف کا باعث بنا ہواہے ۔ دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں جہاں کھلے ڈرین سسٹم ہیں ان علاقوں میں مچھروں کی کثرت کے سبب شہریوں کا جینا محال ہوچکا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے کئی مرتبہ شکایات درج کروانے کے باوجود بلدیہ عملہ کی جانب سے مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو ضروری نہیں سمجھا جارہا ہے جس کے سبب شہر میں کئی وبائی امراض بشکل بخار ‘ کھانسی ‘ ملیریا ‘ سردی پھیلتے جارہے ہیں ۔ بلدی عہدیدار ان وبائی امراض سے اپنا دامن جھاڑتے ہوئے اس کیلئے شہریوں کو ذمہ دار قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر شہری صاف صفائی کو یقینی بنانے میں معاونت کرے تو ایسی صورت میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد پاک صاف ماحول اور صحت عامہ کی برقراری پر توجہ مرکوز کرسکتی ہے۔